ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / راہل-پرینکا کی سنبھل تشدد متاثرین سے ملاقات: ’’نفرت انگیز ذہنیت کو محبت سے شکست دینا ہوگا‘‘

راہل-پرینکا کی سنبھل تشدد متاثرین سے ملاقات: ’’نفرت انگیز ذہنیت کو محبت سے شکست دینا ہوگا‘‘

Wed, 11 Dec 2024 11:02:36  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 11/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)اتر پردیش کے سنبھل میں حال ہی میں شاہی جامع مسجد کا سروے کیے جانے کے دوران تشدد ہوا، جس میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مہلوکین میں سبھی کا تعلق مسلم طبقے سے تھا۔ اس تشدد متاثرین سے ملاقات کے لیے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے سنبھل جانے کا ارادہ کیا تھا، لیکن پولیس نے انہیں راستے میں ہی روک لیا۔ آج راہل-پرینکا نے دہلی میں سنبھل تشدد متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔

کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس ملاقات کی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں اور کہا ہے کہ سنبھل میں جو کچھ پیش آیا وہ نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ ہے۔ کانگریس نے پوسٹ میں تشدد متاثرین سے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی ملاقات کا تذکرہ بھی کیا۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’’آج (لوک سبھا میں) حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی اور کانگریس جنرل سکریٹری و رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی جی نے سنبھل کے متاثرین سے ملاقات کی۔‘‘

اس پوسٹ میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’سنبھل میں پیش آیا واقعہ بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کا نتیجہ ہے، اور یہ پرامن سماج کے لیے خطرناک ہے۔ ہمیں ساتھ مل کر اس تشدد و نفرت انگیز ذہنیت کو محبت و بھائی چارہ ہرانا ہوگا۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ’’ہم سبھی متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کو انصاف دلانے کی لڑائی لڑیں گے۔‘‘

راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی سنبھل تشدد متاثرین سے یہ ملاقات آج شام دہلی میں 10 جن پتھ واقع رہائش پر ہوئی۔ دونوں ہی کانگریس لیڈران نے سبھی متاثرین کی باتیں بغور سنیں اور کہا کہ وہ کسی بھی پریشانی میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس ملاقات کی جانکاری سہارنپور سے کانگریس رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے بھی دی۔ انھوں نے بتایا کہ راہل گاندھی نے شام تقریباً ساڑھے چار بجے سنبھل تشدد میں متاثر ہونے والے سبھی کنبوں کے تقریباً 11 اراکین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران راہل گاندھی نے سبھی کی باتیں بغور سنیں اور کہا کہ اگر انھیں کوئی پریشانی آتی ہے تو ہمیشہ وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور انصاف کی لڑائی میں پورا ساتھ دیں گے۔

کانگریس لیڈر پردیپ نروال نے اس ملاقات کی جانکاری دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ’’راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے آج غمزدہ کنبوں سے ملاقات کی۔ پوری کانگریس پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سنبھل میں جو ہوا وہ بالکل غلط ہے۔ لوگ کہتے ہیں کہ اموات ہوئی ہیں، لیکن یہ اموات نہیں بلکہ حکومت کے ذریعہ کیا گیا قتل ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’متاثرہ کنبوں سے راہل گاندھی کی تقریباً ڈیڑھ گھنٹے بات چیت ہوئی۔ سنبھوں کنبوں کے 11 اراکین وہاں موجود تھے، انھوں نے اپنی تکلیف بیان کی۔‘‘

پردیپ نروال کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی ہر قدم پر متاثرہ کنبوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے سنبھل جانے کی کوشش کی تھی، لیکن ہمیں روک دیا گیا۔ آج متاثرہ کنبہ یہاں آیا، یہ درد کا رشتہ ہے۔ راہل گاندھی جی اور پرینکا گاندھی جی آنے والے دنوں میں بھی متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔‘‘


Share: